
نجی کمپنیوں کے اکاؤنٹس افسران کو ملازمین کی تنخواہوں سے براہ راست ٹیکس منہا کرنے کا اختیار دے دیا گیا ہے، یہ اقدام پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کی جانب سے منظور کیے گئے فنانس ترمیمی بل 2025 کا حصہ ہے۔
میڈیا کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق پنجاب اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ایکسائز کے اجلاس میں دی پنجاب فنانس ترمیمی بل 2025 کی منظوری دی گئی۔
اجلاس کی صدارت چیئرمین آغا علی حیدر نے کی، جبکہ محکمہ ایکسائز، قانون، اور خزانہ کے افسران نے بھی شرکت کی، بل کی منظوری کے بعد اب اسے پنجاب اسمبلی کے باقاعدہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
بل کے مطابق پرائیویٹ کمپنیوں کے ڈی ڈی اوز (Drawing & Disbursing Officers) ملازمین کو تنخواہ ادا کرنے سے قبل اس میں سے متعلقہ انکم ٹیکس کی رقم منہا کریں گے۔ اس کا مقصد پیشہ ور ملازمین سے ٹیکس کی بروقت اور شفاف وصولی کو یقینی بنانا ہے۔
اگر کسی وجہ سے ٹیکس منہا نہ کیا گیا تو محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا متعلقہ افسر اس رقم کی ادائیگی کا ذمہ دار ہوگا۔ کٹوتی کی گئی ٹیکس رقم سرکاری خزانے میں جمع کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس اقدام کو ٹیکس نظام میں شفافیت اور جواب دہی لانے کی ایک بڑی کوشش قرار دیا جا رہا ہے، جو نجی شعبے کے ذریعے ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے کی حکومتی حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔



