پیپلزپارٹی کی ایک بار پھر حکومت کی حمایت ختم کرنے کی دھمکی
نہروں کے معاملے پر پاکستان پیپلزپارٹی نے ایک بار پھر حکومت کی حمایت ختم کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ پانی کا مسئلہ ریڈ لائن ہے، یہ پوائنٹ آف نو ریٹرن ہے
پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ/ فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) نہروں کے معاملے پر پاکستان پیپلزپارٹی نے ایک بار پھر حکومت کی حمایت ختم کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ پانی کا مسئلہ ریڈ لائن ہے، یہ پوائنٹ آف نو ریٹرن ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پانی کا مسئلہ ہماری ریڈ لائن ہے، یہ معاملہ ہمارے لیے پوائنٹ آف نو ریٹرن ہے، ہم وفاقی حکومت چھوڑ سکتے ہیں، نہروں کا منصوبہ ختم نہ ہوا تو حکومت سے الگ ہوسکتے ہیں، ڈمپر حادثے پر آوازیں سب اٹھاتے ہیں، کسی جماعت نے یہ نہیں کہا کہ ظلم ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف کمیونیٹیز کے لوگوں کی جانیں گئی ہیں، احتجاج ہونے چاہیئے، حکومت تجاویز بھی ماننے کے لیے تیار ہے، ایم کیو ایم کے دوست لسانیت کو ہوا نہ دیں، اب وہ زمانے گئے جب لسانیت کی بات ہوتی تھی۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما خرم دستگیر نے کہا کہ پنجاب اپنے حصے کا پانی جیسے چاہے استعمال کرے، قانون یہ اجازت دیتا ہے، یہ بھی سامنے آنا چاہئے کہ سندھ کے پانی میں کوئی کمی نہیں ہو رہی۔

ادھر وزیراعظم کے معاون خصوصی رانا احسان افضل نے کہا کہ یہ کہنا کہ سندھ کو حق نہیں مل رہا غلط بات ہے، ارسا کے اندر پانی تقسیم کا پورا میکنزم ہے، آنے والے 3،4 سال میں بھاشا ڈیم بھی بن جائے گا، 4 ماہ کا بارشوں کا سیزن ہوتا ہے، یہ بارشی پانی دریا میں بہہ جاتا ہے، ہم اس بارشی پانی کو پنجاب اور جہلم سے ڈائیورٹ کرنا چاہتے ہیں، 2 ماہ پنجاب اپنے حصے سے ان کینالز کو پانی دے گا، نہروں سے سندھ کا کوئی حق نہیں مارا جائے گا۔