مولانا طارق جمیل نے اکاؤنٹ میں 49 ارب پر خاموشی توڑ دی
مولانا طارق جمیل نے اکاؤنٹ میں 49 ارب روپے کے حوالے سے چلنے والی قیاس آرائیوں پر خاموشی توڑ دی
مولانا طارق جمیل/ فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) مولانا طارق جمیل نے اکاؤنٹ میں 49 ارب روپے کے حوالے سے چلنے والی قیاس آرائیوں پر خاموشی توڑ دی۔

مولانا طارق جمیل نے اکاؤنٹ میں 49 ارب روپے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار پہلے بھی میرے بارے میں خبر چلی کہ میرے اکاؤنٹ میں 50 ارب روپے موجود ہیں اور اب پھر کہا جا رہا ہے کہ میرے اکاؤنٹ میں 49 ارب روپے موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے بیٹے کی کوئی ہاؤسنگ سکیم نہیں ہے، میرے دروازے کھلے ہیں جو تحقیق کرنا چاہتا ہے آکر کرلے اور نہ ہی میرے اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے موجود ہیں، یہ دونوں چیزیں بہت ہی غلط پھیلائی جا رہی ہیں، میں صرف ان دو چیزوں پر اپنی صفائی پیش کرنا چاہتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر کھاتے پیتے گھرانے سے ہوں، لیکن کروڑوں روپے کبھی میرے پاس نہیں آئے، اللہ تعالی نے ایک بھرم بنایا ہوا ہے، ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے، مجھے اللہ کے راستے میں چلتے ہوئے 52 سال ہوگئے لیکن کبھی اس طرح کے مال کی طرف نہیں گیا، اگر میں نے یہی کام کرنا تھا تو میری 52 سال کی محنت تو صفر ہوگئی۔

مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ اپنے بچوں کو کبھی کوئی غلط لقمہ نہیں کھلایا اور نہ ہی کبھی غیرقانونی طریقے سے پیسہ بنایا ہے، میری باتوں سے ہزاروں لوگ ایمان لائے، غیر مسلموں نے کلمہ پڑھا، 6 براعظموں میں اللہ میری آواز پہنچا رہا ہے، تصور بھی نہیں کرسکتا کہ کبھی اس طرح کا کام کرسکتا ہوں۔

حاسدین کے حوالے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حاسد کرنے والوں کی زبان کون بند کرسکتا ہے؟ جب سے اس راستے پر چلا ہوں کبھی زندگی میں جھوٹ نہیں بولا۔