
محکمہ موسمیات نے عید الفطر کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب بھر کیلئے خوشگوار موسم کی پیشگوئی کی ہے۔ موسم کی حالت کے حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ عید کے دوران پنجاب میں شدید گرمی کی بجائے موسم خشک اور خوشگوار رہے گا۔
موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں برف باری کے باعث پنجاب کا موسم خوشگوار ہو چکا ہے۔ اس کے علاوہ خشک موسم میں بہتری آنے سے لاہور سمیت پورے صوبے میں سرد ہوائیں چلنے لگیں، جس سے درجہ حرارت کم ہو کر 16 ڈگری تک پہنچ چکا ہے۔
واضح رہے کہ آج لاہور میں درجہ حرارت 18 سے کم ہو کر 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ لاہور میں درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری سے کم ہو کر 30 ڈگری تک رہنے کے امکانات ہیں۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے کی جانب والی پیشگوئی کے مطابق عید الفطر کی چھٹیاں بھی خشک مگر خوشگوار موسم میں گزاریں گے۔ عید کے دنوں میں پنجاب بھر میں بارش کے امکانات کم ہیں، موسم سیر و تفریح کیلئے بہترین ثابت ہو گا۔
دوسری جانب عید الفطر کے موقع پر خوشگوار موسم کی پیشگوئی نے لوگوں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑا دی ہے، جو خوشگوار موسم میں عید کی تعطیلات کا بھرپور لطف اٹھانے کیلئے تیار ہیں۔