
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جنوری میں پنجاب حکومت نے پروپوزل بنایا، 17 جنوری 2024 کو معاملہ ارسا میں گیا، جہاں پر اس کی منظوری دی گئی، پروپوزل میں چولستان کو آباد کرنے کا ذکر تھا، 6 کینال کا معاملہ آیا تو سندھ حکومت کے نمائندے نے اعتراض کیا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کالاباغ ڈیم کا بھی لوگ کہتے تھے بن رہا ہے، اب یہی صورتحال چولستان کینال پر کی جا رہی ہے، گرین پاکستان انیشیٹو کو پنجاب حکومت نے زمین دی، جولائی اگست میں وہاں سولر سسٹم اور ٹیوب ویل کے ذریعے کارپوریٹ فارمنگ کی، میں یہ کہتا ہوں کینال نہیں بن رہے، پنجاب کا ضرور ارادہ ہے، کالاباغ ڈیم کی مہم ایک آمر نے شروع کی اور محترمہ بینظیر بھٹو نے اس کے خلاف مہم چلائی۔
انہوں نے کہا کہ ابھی بھی اس کینالز معاملہ کو سی سی آئی میں آنا ہے، پروپیگنڈا کے ذریعے لوگوں کو بتایا گیا کہ سندھ حکومت ملوث ہے، ہم نے سندھ اسمبلی سے ان کینالز کے خلاف قرار داد منظور کی، یہ معاملہ ایکنک میں موجود ہے ہم اس کی وہاں بھی سخت مذمت اور مخالفت کریں گے، یہ معاملہ ہمارے کنٹرول میں ہے، ہم نہیں بنانے دینگے، ہمارے پاس پاکستان پیپلز پارٹی ایک طاقت ہے اور اہم اس کا استعمال بھی کریں گے۔