سندھ حکومت نے سی سی آئی کا اجلاس بلانے کیلئے خط لکھ دیا
سندھ حکومت نے فوری مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کا اجلاس بلانے کے لئے وفاق کو ایک خط لکھ دیا
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ/ فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) سندھ حکومت نے فوری مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کا اجلاس بلانے کے لئے وفاق کو ایک خط لکھ دیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ سندھ میں پانی کی شدید قلت ہے، حریف سیزن میں فصلوں کی کاشت ممکن نہیں، ارسا کی طرف سے چولستان کینال کے لئے پانی کی دستیابی کا سرٹیفکٹ بھی خلاف قانون ہے، چولستان پروجیکٹ کے لئے ارسا کی طرف سے جاری کردہ سرٹیفکٹ (Flag D) درست نہیں۔

سندھ حکومت نے خط میں کہا ہے کہ سندھ نے اجلا س میں سخت احتجاج اور عدم اتفاقی (Flag B) ظاہر کی تھی، واٹر اکارڈ 1991 کی پیرا (D) 14 اور 4 کی یہ فیصلہ قابل قبول نہیں، اس سے سندھ حصے کے پانی پر منفی اثرات پڑتے ہیں، ارسا کے مطابق 1999سے 2023 تک سالانہ 13.7 فیصد کمی ہے، سندھ کو پانی کی قلت کا سامنا ہے پنجاب کو نئے کینال کی منظوری دینا خلاف قانون ہے۔

 سندھ حکومت نے سی سی آئی سے چولستان پروجیکٹ کے لئے پانی کی دستیابی کا ارسا منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جب تک کوئی پانی کی تقسیم پر اتفاق رائے پیدا نہ ہو، سی سی آئی اس پروجیکٹ کو روکے منظوری ختم کرے۔