احتجاج کا آپشن رہ گیا، ہماری تیاری پوری ہے: جنید اکبر خان
پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر خان نے کہا ہے کہ عدالتوں سے ہمیں کوئی امید نہیں ہے، ہمارے پاس احتجاج کا آپشن رہ گیا ہے اور اس کی ہماری تیاری پوری ہے
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اورسربراہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) جنید اکبر خان / فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر خان نے کہا ہے کہ عدالتوں سے ہمیں کوئی امید نہیں ہے، ہمارے پاس احتجاج کا آپشن رہ گیا ہے اور اس کی ہماری تیاری پوری ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے سربراہ جنید اکبر خان نے عید کے بعد اپوزیشن کے متوقع احتجاج کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اپوزیشن کی دیگر پارٹیوں کو ساتھ لے کر احتجاج میں جائیں، یہ ہماری خواہش ہے ہماری ضرورت نہیں ہے۔

جنید اکبر خان کا کہنا تھا کہ اکتوبر اور نومبر میں جب نکلے تو ہم سے غلطیاں ہوئیں، ہماری کوشش ہوگی کہ ان غلطیوں کو دوبارہ نہ دہرائیں، مختلف آپشنز ہیں، اسلام آباد آںے تک کے، وہاں مختلف روڈز بند کرنے تک کے، ڈسٹرکٹ سطح پر بھی آپشن ہیں، جو خان صاحب فائنل کریں گے اس پر عمل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس آپشن یہ بھی ہے کہ ہم اڈیالہ جیل کے سامنے کیمپ لگائیں، خیبرپختونخوا سے جو مختلف شاہراہیں آ رہی ہیں ان کو بند کردیں، اسلام آباد جانے اور وہاں پُرامن احتجاج بھی آپشن ہے، ہماری کوشش ہوگی نئی حکمت عملی پچھلی والی سے اچھی ہو، ہم صبر کر رہے ہیں ہماری پارٹی صبر کر رہی ہے اور اس کا ثمر ہمیں ہمدردیوں اور پارٹی گراف کی شکل میں مل رہا ہے۔

جنید اکبر نے کہا کہ مجھے حالات لگ رہے ہیں کہ مولانا فضل الرحمان ہمارے ساتھ احتجاج میں جائیں گے، اگر نہیں جائیں تو کوئی مسئلہ نہیں ہے، لیکن خواہش ہماری ہے کہ مولانا صاحب ہمارے ساتھ ہوں۔ پارٹی کی بات ہوتی ہے تو اس معاملے پر علی امین گنڈاپور بھی مانیں گے ہم بھی مانیں گے۔