اساتذہ پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ
School Dress Code Policy
فائل فوٹو
کراچی:(ویب ڈیسک) محکمہ تعلیم سندھ نے سندھ کے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کے لباس سے متعلق نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق مرد اساتذہ کو سکولوں میں ٹی شرٹ اور جینز پہننے کی اجازت نہیں ہوگی۔

محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق خواتین اساتذہ کو زیادہ میک اپ کرنے، زیادہ زیورات پہننے اور ہائی ہیلز کا استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔علاوہ ازیں اسکول میں اساتذہ کو گٹکا، نسوار، سگریٹ یا منشیات پینے کی سختی سے ممانعت کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ یہ فیصلے اساتذہ کی ذاتی نوعیت کی سرگرمیوں اور اسکول میں آنے جانے کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے کیے گئے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ اساتذہ کو طالب علموں کو ذاتی نوعیت کے کام کرانے سے بھی سختی سے منع کیا گیا ہے۔

محکمہ تعلیم سندھ کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ پابندیاں اسکولوں میں ایک مثبت ماحول فراہم کرنے، اساتذہ کے کردار کو بہتر بنانے اور تعلیم کے معیار کو بلند کرنے کیلئے عائد کی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ نیا فیصلہ سندھ کے تعلیمی ماحول میں بہتری لانے کیلئے اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے۔