ہر سال عید کے موقع پر شہری بینکوں سے نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کیلئے رش لگاتے ہیں، لیکن یہ سوال اٹھتا ہے کہ بینکوں سے نئے کرنسی نوٹ کیسے حاصل کیے جا سکتے ہیں؟
نجی بینک کے افسر نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کا طریقہ بہت سادہ ہے۔
عید کے قریب جو شہری نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں، انہیں صرف اپنے شناختی کارڈ کی کاپی کے ہمراہ کسی بھی کمرشل بینک جانا ہوتا ہے۔ اگر بینک کے پاس نئے نوٹ دستیاب ہوں، تو فوراً انہیں کرنسی نوٹ دے دیے جاتے ہیں۔
اسٹیٹ بینک ہر سال عید کے قریب کمرشل بینکوں کو نئے کرنسی نوٹ فراہم کرتا ہے، اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے جتنے نوٹ دیے جاتے ہیں، بینک اسی مقدار کو تقسیم کرتے ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق اس پر کوئی بینک اعتراض نہیں کر سکتا کہ کم نوٹ دیے گئے ہیں یا زیادہ چاہیے تھے، بلکہ جتنے نوٹ اسٹیٹ بینک نے جاری کیے ہوتے ہیں، بینک صرف اتنے ہی نوٹ فراہم کرتے ہیں۔
بینک افسر کے مطابق نئے کرنسی نوٹ جلد ختم ہونے کی سب سے بڑی وجہ یہ ہوتی ہے کہ زیادہ تر بینک عملہ اپنے جاننے والوں میں نوٹ تقسیم کر دیتا ہے، جس کی وجہ سے وہ لوگ جو مخصوص طور پر عید کیلئے نئے نوٹ لینے آتے ہیں، انہیں مطلوبہ نوٹ نہیں مل پاتے۔
اس لیے اگر آپ بھی عید پر نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں تو بہتر ہوگا کہ عید سے کچھ دن پہلے ہی بینک جا کر نوٹ حاصل کرنے کی کوشش کریں، کیونکہ جیسے ہی یہ نوٹ بینک میں آتے ہیں، وہ چند دنوں میں ختم ہو جاتے ہیں۔