جعفرایکسپریس حملہ: تمام دہشتگرد ہلاک، آپریشن آخری مراحل میں داخل
 جعفر ایکسپریس پر حملہ کرنیوالے دہشت گردوں کیخلاف سکیورٹی فورسز کا آپریشن آخری مراحل میں داخل ہو گیا۔
فوٹو بشکریہ بی بی سی
کوئٹہ: (سنو نیوز) جعفر ایکسپریس پر حملہ کرنیوالے دہشت گردوں کیخلاف سکیورٹی فورسز کا آپریشن آخری مراحل میں داخل ہو گیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق بڑی تعداد میں یرغمال مسافروں بشمول عورتوں اور بچوں کے جنکو انسانی شیلڈ کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا بازیاب کروا لیا گیا ہے، اس سے پہلے 190 مسافروں کو بازیاب جبکہ 30 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا جا چکا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ کلیئرنس آپریشن کے دوران انتہائی احتیاط اور مہارت کا مظاہرہ کر کے معصوم جانیں بچائی گئیں، تاہم پہلے سے دہشت گردوں کی بربریت کا نشانہ بننے والے کچھ شہیدمسافروں کی تعداد کا تعین کیا جا رہا ہے، موقع پر موجود تمام دہشت گردوں کو واصل جہنم کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:جعفر ایکسپریس پر حملہ: بلوچستان کیلئے ٹرین سروس معطل

دہشت گردوں سے رہائی پانے والے ایک مسافر نے سکیورٹی فورسز سے اظہار تشکُّر کرتے ہوئے کہا کہ ٹرین پر فائرنگ ہوئی، اللہ کا شکر ہے فوجی اور ایف سی جوانون نے ہمت کی اور ہمیں با حفاظت محفوظ مقام پر پہنچایا ، یہ فوجیوں اور ایف سی جوانوں کی ہی ہمت تھی کہ ہمیں دہشتگردوں سے بازیاب کرایا۔

خیال رہے کہ کوئٹہ سے پشاور جانیوالی جعفر ایکسپریس کا گزشتہ روز دہشتگردوں نے نشانہ بنایا تھا، فائرنگ کے بعد مسافروں کو یرغمال بنالیا تھا، سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف فوری آپریشن شروع کردیا گیا تھا تاہم دشوار گزار راستوں اور دہشتگردوں کی جانب سے مسافروں کو ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کے سبب سکیورٹی آپریشن میں احتیاط برتی جارہی تھی۔