پنجاب پولیس نے خوارجی دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا
Punjab Police personnel are fighting with Khawarji terrorists holding weapons.
لاہور/ڈیرہ غازی خان:(سنو نیوز) پنجاب پولیس نے ڈیرہ غازی خان کے علاقے تونسہ شریف میں خوارجی دہشتگردوں کا ایک اور حملہ ناکام بنا دیا، جس میں دو دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔
 
 دہشتگردوں نے پولیس پر ہینڈ گرنیڈ اور بھاری اسلحے سے حملہ کیا۔
 
پنجاب پولیس ترجمان کے مطابق، اس فائرنگ کے تبادلے میں تھانہ وہوا کے ایس ایچ او صادق برمانی اور پولیس اہلکار مضمر نذیر زخمی ہوگئے۔
 
 پنجاب پولیس نے خیبر پختونخوا کے بارڈر پر واقع چیک پوسٹوں پر خوارجی دہشتگردوں کے چار حملے بھی ناکام بنائے۔
 
پنجاب پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ دہشتگرد پنجاب کے اندر کسی تھانے یا دیگر حساس مقامات پر حملہ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
 
 انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے دہشتگردوں کے داخلے کی اطلاع موصول ہونے پر چیک پوسٹس کو ہائی الرٹ کیا گیا تھا۔
 
ایس ایچ او وہوا نے اپنی ٹیم کے ہمراہ دہشتگردوں کا تعاقب کیا۔ موٹر سائیکل پر سوار دہشتگردوں نے پولیس پر ہینڈ گرنیڈ اور بھاری اسلحے سے حملہ کیا، تاہم بلٹ پروف گاڑیوں، ہیلمٹ، اور جیکٹس سے لیس پولیس جوانوں نے فوری جوابی کارروائی کی۔
 
 پولیس اور ایلیٹ فورس کی بیک اپ ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔
 
شدید مقابلے کے بعد دونوں دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ ترجمان کے مطابق، ہینڈ گرنیڈ اور فائرنگ سے بلٹ پروف گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔ 
 
واقعے کی اطلاع ملتے ہی آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان اور ڈی پی او سید علی موقع پر پہنچ گئے اور تحصیل ہسپتال تونسہ میں زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔
 
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرنے پر پولیس جوانوں کو شاباش دی اور کہا کہ پولیس اور تمام ادارے الرٹ ہیں، اور دہشتگردوں کو پنجاب میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔
 
 علاقے میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا سرچ اور سویپ آپریشن جاری ہے۔