علی امین گنڈا پور نے مریم نواز کو مناظرے کا چیلنج دے دیا
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کارکردگی کی بنیاد پر پنجاب حکومت کو مناظرے کا چینلج دے دیا
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور / فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کارکردگی کی بنیاد پر پنجاب حکومت کو مناظرے کا چینلج دے دیا۔

 وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے ایک تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم میرا چاچا نہیں اور نہ ہی میں پی ڈی ایم کی حکومت کا حصہ ہوں لیکن پھر بھی میں نے 55 فیصد ریوینو بڑھایا اور آپ صرف 12 فیصد پر گھوم رہی ہیں جبکہ آپ کی حکومت بھی خسارے میں ہے۔

علی امین گنڈا پور نے خیبرپختونخوا کے طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے جتنے فیصد طلبہ کو لیپ ٹاپ دیے جا رہے ہیں، ہم بھی اتنے فیصد طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب خیبر پختونخوا حکومت کے طرز پر اپنے شہریوں کو مفت صحت کارڈ دے، ہم نے اپنی پوری آبادی کو صحت کارڈ پلس دیا، اب لائف انشورنس کی سہولت دے رہے ہیں، پنجاب حکومت بھی اپنی پوری آبادی کو یہ سہولیات دے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ ہم نے مشکل حالات کے باوجود اپنی آمدن میں 55 فیصد اضافہ کیا ہے، پنجاب بھی اپنی آمدن 12 فیصد سے 55 فیصد تک بڑھائے، خیبر پختونخوا حکومت کے پاس خزانے میں 176 ارب روپے کا سرپلس پڑا ہے، خیبر پختونخوا واحد صوبہ ہے جس نے آئی ایم ایف کا ٹارگٹ حاصل کیا ہے، باقی کسی دوسرے صوبے نے نہیں کیا۔