
کئی علاقوں میں تیزبارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جس سے خشک سالی کا بڑھتا ہوا خدشہ بھی ختم ہوجائے گا، محکمہ موسمیات نے 19 اور 20 فروری کو لاہور میں ہلکی بارش کی پیش گوئی کردی۔
موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق طاقتور مغربی ہوائیں اوربارشیں برسانے والا سسٹم خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر پر بھی اثر انداز ہو گا، سسٹم سے پہاڑوں پر برفباری اور کئی علاقوں میں درمیانی سے تیز بارش کا امکان ہے۔ کوئٹہ، زیارت، ژوب، قلعہ سیف اللہ اور خضدار میں پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔
پنجاب کے کئی علاقوں میں 19 سے 21 فروری کے دوران اچھی بارش کا امکان ہے، جنوبی و وسطی پنجاب میں بارشوں کے 2 سے 3 اسپیل ہونے کا امکان ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بارشوں کا پہلا نظام 19 اور 20 فروری کو ہلکی بارش کا باعث بن سکتا ہے جبکہ 25 فروری سے شروع ہونے والے دوسرے نظام کے تحت اچھی بارشیں متوقع ہیں جس کا سلسلہ یکم مارچ تک جاری رہے گا۔