پی ٹی آئی کی بڑی تحریک کا آغاز کب ہوگا؟
Pakistan Tehreek e Insaf party logo
فائل فوٹو
پشاور:(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما شوکت یوسفزئی نے حکومت کیخلاف بڑی تحریک شروع کرنے کا وقت بتا دیا ہے۔

ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان لڑائی کا انجام جلد ہی حکومت کے خاتمے پر ہونے والا ہے، دونوں پارٹیاں ایک دوسرے پر الزام تراشی کرنے میں مصروف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ن لیگ کو کہہ رہی ہے کہ آپ نے پرفارمنس نہیں دی، اور ن لیگ پی پی کو کہہ رہی ہے کہ آپ نے سندھ میں کوئی کام نہیں کیا۔ دونوں ایک دوسرے کیخلاف سچ بول رہے ہیں۔ دونوں کے اتحاد نے عوام کو انتہائی مایوس کیا ہے۔

شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ نالائق قیادت کیوجہ سے پاکستان ہر شعبے میں ناکام ہو رہا ہے،پاکستان پیپلز پارٹی نے کچھ زیادہ ہی سچ بول لیا  کہ ن لیگ کےمینڈیٹ پر سوال اٹھالیا ہے۔ بدقسمتی سے دونوں اپنے اپنے ذاتی مفادات کیلئے لڑ رہے ہیں، ان کو عوام کی کوئی فکر نہیں ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما کا کہنا تھا کہ  اس وقت مہنگائی عروج پر ہے، بد امنی عروج پر ہے،مگر ان کو کوئی فکر نہیں ہے، یہ دونوں پارٹیاں آپس کی لڑائیاں لڑ رہی ہیں، دونوں نے اپنے اپنے مفادات حاصل کیے  اور اب عوام کو بے سہارا چھوڑ دیا گیا ہے۔ عوام مہنگائی کے دلدل میں پھنسے ہیں اور ملک کو قرضوں پہ چلایا جا رہا ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ان شا اللہ بہت جلد اپوزیشن کا گرینڈ الائنس بننے جارہا ہے، عید کے بعد گرینڈ الائنس کے پلیٹ فارم ہی سے حکومت کیخلاف تحریک کا آغاز ہوگا۔ پیپلز پارٹی نون لیگ کی لڑائی سے تو یہ ظاہر ہو رہا ہے کہ عید سے پہلے پہلے یہ حکومت خود ہی ختم ہو جائے گی۔