26 نومبر احتجاج کیس:بشریٰ بی بی کی ضمانت میں توسیع
Bushra Bibi wife of Founder PTI and Ex Prime Minister Imran khan
سابق خاتونِ اول بشریٰ بی بی/فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے 26 نومبر احتجاج کیس میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی ہے۔

ڈیوٹی جج محمد افضل مجوکا نے بشریٰ بی بی کیخلاف 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمات میں ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔

اس موقع پر بشریٰ بی بی کی وکیل شمسہ کیانی ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئیں۔

واضح رہے کہ ایڈیشنل سیشن جج عامر ضیاء کی عدم دستیابی کے باعث سماعت ڈیوٹی جج افضل مجوکا نے کی۔ جج نے فریقین کی دلائل کے بعد بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 25 فروری تک توسیع کر دی اور کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔

خیال رہے کہ یہ کیس تھانہ رمنا میں درج ہے، جہاں بشریٰ بی بی کیخلاف 26 نومبر کے احتجاج پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ عدالت نے بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کے ساتھ ہی آئندہ سماعت کی تاریخ 25 فروری مقرر کر دی ہے۔