
تفصیلات کے مطابق توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت کو 27 فروری تک ملتوی کر دیا گیا ہے، عدالتی عملے نے اس بارے میں عمران خان کے وکلا کو آگاہ کر دیا۔
واضح رہے کہ توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت آج اڈیالہ جیل میں مقرر تھی، تاہم عدالتی عملے نے وکیل خالد یوسف کو فون پر اطلاع دی کہ آج سماعت نہیں ہو گی، اس کا نیا شیڈول 27 فروری کو مقرر کر دیا گیا ہے۔
وکیل خالد یوسف چوہدری نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کر دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ پہلے 10 فروری کو اسلام آباد کی اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کی زیرصدارت اڈیالہ جیل میں اس کیس کی سماعت ہوئی تھی۔
عدالت نے درخواست وصول کر کے ٹرائل جاری رکھنے کا فیصلہ کیا تھا اور بعد میں سماعت 17 فروری تک ملتوی کر دی گئی تھی۔ تاہم اب کیس کی سماعت 27 فروری تک کیلئے موخر کر دی گئی ہے۔
اس کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے توشہ خانہ سے متعلق معاملات کی تحقیقات جاری ہیں اور آئندہ سماعت پر اہم پیش رفت متوقع ہے۔