
محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں موسم مزید سرد ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے آج رات اور کل موسم کی صورتحال کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور خطہ پوٹھو ہار میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
اسی طرح اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک ہوگا۔ شمالی اضلاع میں رات کے اوقات میں شدید سردی کی پیشگوئی کی گئی ہے، جن میں چترال، دیر، سوات، کوہستان، بٹگرام اور گردونواح شامل ہیں۔
دوسری جانب پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم مری، گلیات اور اس کے گردونواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں بھی زیادہ تر اضلاع میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ کوئٹہ، زیارت، قلات، خضدار، قلعہ عبداللہ، چمن، پشین اور دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں اس وقت ملک کے سرد ترین مقامات میں لہہ کا درجہ حرارت منفی 08 ڈگری سینٹی گریڈ، کالام اور گوپس میں منفی 04 ڈگری سینٹی گریڈ، بگروٹ میں منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ اور سکردو میں منفی 02 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔