چوہدری شجاعت کی جانب سے سیاسی جماعتوں میں رابطوں کیلئے کمیٹی قائم
Chaudhry Shujaat Hussain
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے سیاسی جماعتوں کے درمیان روابط بڑھانے کیلئے پولیٹیکل کوآرڈینیشن کمیٹی قائم کر دی ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق اس کمیٹی کا مقصد ملک میں سیاسی ہم آہنگی کو فروغ دینا اور مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان مشاورت کو بڑھانا ہے۔

ق لیگ کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا کہ اس کمیٹی کے چیئرمین میر نصیر خان مینگل ہوں گے، جبکہ وائس چیئرمین کی ذمہ داری غلام مصطفیٰ ملک کے پاس ہوگی، کمیٹی کے دیگر اہم ارکان میں طارق حسن، انتخاب چمکنی اور ڈاکٹر رحیم اعوان شامل ہیں۔

ق لیگ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کمیٹی کا بنیادی مقصد سیاسی اور سماجی حلقوں کے درمیان ہم آہنگی کی فضا کو قائم کرنا ہے۔علاوہ ازیں کمیٹی ملک میں معاشی اور سیاسی استحکام کیلئے مختلف اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت بھی کرے گی اور نیشنل ڈائیلاگ کے ذریعے حکومت و اپوزیشن کو قومی مسائل پر یکجا کرنے کی کوشش کرے گی۔

مزید بتایا گیا کہ اس کمیٹی کا ایک اور اہم مقصد بلوچستان میں احساس محرومی کو کم کرنا ہے، جس کیلئے خصوصی تجاویز مرتب کی جائیں گی۔ کمیٹی ملکی پبلک سیکٹر کی بہتری کیلئے بھی اپنی کوششیں کرے گی تاکہ عوامی خدمات میں اضافہ ہو سکے اور ملک کے اقتصادی نظام کو مستحکم کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان اس نوعیت کی کمیٹی کے قیام سے امید کی جا رہی ہے کہ مختلف جماعتیں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر کے قومی مفاد میں فیصلہ سازی کر سکیں گی، جس سے ملک میں سیاسی استحکام آئے گا۔