
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت کی جانب سے مسلسل تنقید کا نشانہ بننے کے بعد بیرسٹر محمد علی سیف نے اپنا استعفیٰ سردارعلی امین گنڈاپور کو پیش کر دیا، تاہم وزیراعلیٰ کے پی نے نے بیرسٹر سیف کا استعفیٰ قبول کرنے سے انکار کر دیا۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹر سیف نے یہ استعفیٰ وزیراعلیٰ ہاؤس میں پیش کیا اور کہا کہ مجھے عہدے کا کوئی شوق نہیں ہے، مگر عمران خان کی خاطر تنقید برداشت کر رہا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں پارٹی کے اندر اور باہر ہونے والی تنقید کو برداشت کر رہا ہوں، تاہم یہ صورتحال میرے لیے مشکل بن چکی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ کے پی سردار علی امین گنڈاپور نے بیرسٹر سیف کی باتوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ کو پارٹی کے اندر اور باہر کی تنقید کو اہمیت نہیں دینی چاہیے،آپ کو بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مشیر کے طور پر منتخب کیا ہے، آپ کیلئے یہی بات کافی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرسٹر سیف نے اپنے استعفے کے حوالے سے عمران خان کو کو بھی آگاہ کیا، جس پر بانی پی ٹی آئی نے بیرسٹر سیف پر اعتماد کا اظہار کیا اور ان سے درخواست کی کہ وہ استعفیٰ واپس لیں۔