
ریجنل منیجرز کی جانب سے ملازمین کو برطرف کرنے کے لیٹرز جاری کیے جا رہے ہیں اور انہیں فوری طور پر ملازمت سے فارغ کیے جانے کے اقدامات ہورہے ہیں،اس عمل سے ملازمین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ان ملازمین کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنے متعلقہ اکاؤنٹ افسران سے حساب کلیئر کریں۔ ملازمین کو ان کے کام کے معاہدے کے تحت فوری طور پر فارغ کرنے کی کارروائی شروع کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے ڈیلی ویجز ملازمین کی تعداد 3 ہزار سے زائد ہے۔
دوسری جانب آل پاکستان ورکرز الائنس نے ان برطرفیوں کو ظلم اور غیرمنصفانہ قرار دیتے ہوئے عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ورکرز الائنس کے مطابق یہ ظالمانہ فیصلہ ہے اور اس کیخلاف بھرپور قانونی جنگ لڑیں گے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز ملازمین کو برطرفی کے نوٹسز ملے اور ریجنل منیجرز نے سیکڑوں ملازمین کو لیٹرز بھیجے ہیں۔
اس صورتحال پر یوٹیلٹی اسٹورز کے ڈیلی ویجز ملازمین میں بے چینی پھیل گئی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ان کی معاشی مشکلات میں مزید اضافہ کرے گا۔
دوسری طرف حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات کارپوریشن کے اخراجات میں کمی لانے کیلئے اٹھائے جا رہے ہیں۔