زائرین کی بسوں کو حادثات، 16 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی
Zaireen Bus Crashes
فائل فوٹو
نوابشاہ:(ویب ڈیسک)سندھ کے مختلف علاقوں میں زائرین کی بسوں کو پیش آنے والے حادثات نے سوگ کی فضا قائم کر دی ہے، جس کے نتیجے میں 16 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق نوابشاہ کے آمری روڈ پر فتوحل زرداری گاؤں کے قریب زائرین کی ایک وین اور ٹریلر کے درمیان تصادم ہوا، جس میں 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ 10 افراد زخمی ہو گئے۔

حادثے کے بعد  زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا،ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ زائرین شہباز قلندر کے عرس کیلئے سہیون جا رہے تھے۔

دوسری جانب خیرپور میں بھی قومی شاہراہ پر ایک اور افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ رانی پور کے قریب زائرین کو لے جانے والی کوچ الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 10 افراد جاںبحق اور 30 افراد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے 7 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ یہ کوچ پنجاب سے سہیون کیلئے روانہ ہوئی تھی۔

حادثات کی اطلاعات ملنے کے بعد متعلقہ حکام اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر متاثرہ مقامات پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو علاج کیلئے اسپتالوں میں منتقل کر دیا۔