
صوبائی کابینہ نے سرکاری ملازمین کیلئے عمر میں 5 سال کی رعایت دینے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد اب نوجوانوں کیلئے سرکاری ملازمت حاصل کرنا مزید آسان ہو جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزرا، مشیران اور سیکرٹریز نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران اہم فیصلے کیے گئے، جن میں سب سے بڑا فیصلہ سرکاری ملازمت کیلئے عمر میں 5 سال کی رعایت تھا۔
اس کے تحت اب نوجوان اپنے کیریئر کا آغاز سرکاری شعبے میں 5 سال زائد عمر کے ساتھ کر سکیں گے، جس سے ہزاروں افراد فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس سے قبل سرکاری ملازمتوں کیلئے عمر میں 15 سال کی رعایت تھی، تاہم اب یہ رعایت ختم کر دی گئی تھی، اور اب صرف 5 سال کی رعایت فراہم کی جائے گی۔ اس فیصلے سے سندھ میں سرکاری ملازمت کے خواہش مند افراد میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
علاوہ ازیں سندھ کابینہ نے یونیورسٹیز اینڈ بورڈ ترمیمی بل 2025 کی بھی منظوری دے دی ہے۔ اس بل پر پہلے گورنر سندھ نے اعتراضات اٹھائے تھے اور اسے اسمبلی کو واپس بھیجا تھا۔ گورنر نے جامعات اور بورڈز میں سربراہان کی تعیناتیوں پر بھی اعتراض کیا تھا۔ تاہم اب کابینہ کی جانب سے اس بل کو منظور کر لیا گیا ہے۔