
محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کا سامنا کیا جائے گا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق شمال مغربی بلوچستان میں کچھ مقامات پر ہلکی بارش اور ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جب کہ تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
اسی طرح سے کے پی کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک رہے گا، لیکن شمالی اضلاع جیسے چترال، دیر اور گردونواح میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور وہاں ہلکی بارش یا ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم مری، گلیات اور گردونواح میں موسم شدید سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک رہے گا، مگر کوئٹہ، قلعہ عبداللہ، ژوب، مستونگ، قلات، چاغی اور گردونواح میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، اور تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ ہلکی بارش یا برفباری ہو سکتی ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد رہنے کے ساتھ مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، اور ہلکی بارش یا ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ آج ملک کے مختلف علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت درج ذیل ریکارڈ کیا گیا:
لہہ میں منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ، اسکردو میں منفی 5، کالام میں منفی 5، گوپس میں منفی 4، استور میں منفی 4، راولاکوٹ، پاراچنار اور بگروٹ میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ۔