9 مئی مقدمات: پی ٹی آئی رہنماؤں پر فردِ جرم عائد

فائل فوٹو
February, 14 2025
لاہور:(ویب ڈیسک)انسداد دہشتگردی عدالت لاہور کی جانب سے سانحہ 9 مئی اور مسلم لیگ ن کا آفس جلانے کے مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اہم رہنماؤں اور کارکنوں پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی رہنماؤں یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید سمیت 31 ملزمان پر فرد جرم عائد کی۔
واضح رہے کہ ان ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے 9 مئی کو ہونے والے فسادات اور مسلم لیگ ن کے دفتر کو آگ لگانے میں کردار ادا کیا۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج نے فرد جرم عائد کرتے ہوئے گواہوں کو شہادت کیلئے طلب کرنے کی ہدایت جاری کی۔ عدالت نے مزید کارروائی کوٹ لکھپت جیل میں کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 20 فروری تک ملتوی کر دی۔
خیال رہے کہ یہ مقدمات سیاسی صورتحال کے پیش نظر اہمیت اختیار کر چکے ہیں، جہاں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کی جانب سے ان الزامات کو مسترد کیا جا رہا ہے اور ان مقدمات کو سیاسی انتقام سمجھا جارہا ہے۔
ضرور پڑھیں