سرکاری حج سکیم:تیسری قسط جمع کرانے کی آخری تاریخ سامنے آ گئی
Khana Kaba
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک)وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے عازمینِ حج کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تیسری قسط متعلقہ بینک برانچ میں 14 فروری تک جمع کروا دیں۔

وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عازمینِ حج کو کمپیوٹرائزڈ رسید حاصل کرنا ضروری ہے تاکہ کسی قسم کی مشکلات سے بچا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اگر عازمینِ حج مقررہ تاریخ تک قسط جمع نہیں کروائیں گے تو ان کی درخواست منسوخ کی جا سکتی ہے۔ 

عازمینِ حج کو یہ بھی یاد دلایا گیا کہ وہ قربانی کی خدمات، کمرے کی سہولت اور روانگی کے مقام کو بینک کے ذریعے تبدیل کروا سکتے ہیں، تاکہ ان کی سہولت کے مطابق انتظامات کیے جا سکیں۔ 

علاوہ ازیں حج 2024 کے دوران بچت کے پونے پانچ ارب روپے کی واپسی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

گزشتہ سال کے حجاج کرام نے متعلقہ بینک برانچوں سے رقوم وصول کی ہیں اور جو حجاج کرام ابھی تک رقوم وصول نہیں کر پائے، وہ اپنی متعلقہ بینک برانچ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ 

عازمینِ حج کو یاد دہانی کی گئی ہے کہ آخری تاریخ تک تیسری قسط جمع کرانے سے متعلق تمام ضروری اقدامات مکمل کریں تاکہ ان کا حج درخواست کا عمل محفوظ رہے۔