
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں عمران خان اور سردار علی امین گنڈا پور کی ڈیڑھ گھنٹے طویل ملاقات کے دوران دیگر امور پر بات چیت کے علاوہ شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کے فیصلے پر بھی گفتگو ہوئی۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے اپنے موقف میں کہا کہ شیر افضل مروت کی پارٹی کیلئے کی جانے والی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس فیصلے پر دوبارہ غور کیا جائے۔
ملاقات کے دوران کے پی میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر بھی بات کی گئی، جن پر وزیر اعلیٰ سردارعلی امین گنڈا پور نے عمران خان کو تفصیلات فراہم کیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے پارٹی کے نظم و ضبط کا خیال نہ رکھنے کیوجہ سے شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ کیا تھا، جس پر پارٹی کے کچھ رہنماؤں کی جانب سے تحفظات بھی سامنے آئے ہیں۔
سردار علی امین گنڈا پور کی عمران خان سے کی جانے والی درخواست کے بعد یہ دیکھنا ہوگا کہ کیا پارٹی قیادت شیر افضل مروت کے فیصلے پر نظر ثانی کرے گی یا نہیں۔