
محکمہ تحفظ ماحولیات پنجاب نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت اب کسی بھی شخص کو اپنے گھر میں گاڑی دھونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گھروں میں گاڑی دھونے پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں تمام غیر قانونی سروس اسٹیشنز کو فوری طور پر بند کرنے کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔ یہ اقدام پانی کے ضیاع کو روکنے اور ماحولیاتی تحفظ کیلئے اٹھایا گیا ہے۔
مزید برآں پانی ری سائیکل کرنے کے سسٹم کے بغیر سروس اسٹیشنز پر 1 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا، اور تمام سروس اسٹیشنز کو 28 فروری تک پانی ری سائیکلنگ سسٹم نصب کرنے کی ہدایت دی گئی ہے،اس کے علاوہ کسی بھی قسم کے تیل سے گاڑی دھلوانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
تعمیراتی مقامات پر بھی زمینی پانی کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے تاکہ زیرِ زمین پانی کے ذخائر کی حفاظت کی جا سکے۔
خیال رہے کہ محکمہ تحفظ ماحولیات کی جانب سے اس نوٹیفکیشن کو فوری طور پر نافذ العمل قرار دیا گیا ہے، اس کے تحت تمام پابندیاں فوری طور پر لاگو ہوں گی۔