شہریار آفریدی شیر افضل مروت کی حمایت میں سامنے آگئے
Shehryar Afridi and Shair Afzal Marwat
فائل فوٹو
پشاور:(ویب ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وزیرِ مملکت شہریار آفریدی پارٹی سے نکالے جانے والے قومی اسمبلی ممبر شیر افضل مروت کی حمایت میں سامنے آگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ممبر قومی اسمبلی اور مرکزی رہنما شہریار آفریدی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 26 نومبر کو جو ہمارے ساتھ ہوا، وہ پوری قوم نے دیکھا۔

شہریار آفریدی نے کہا کہ ہمارے لیڈر نے قانون کی بالادستی کی بات کی، ہم آئین و قانون کی حمایت کیلئے کھڑے رہیں گے، پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں پر ظلم ہو رہا ہے، جیلوں میں ہماری پارٹی کے کارکنوں پر تشدد کیا جا رہا ہے، فارم 47 والوں کی سیاست اب ختم ہو گئی ہے۔

شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالے جانے پر انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شیر افضل مروت کی پارٹی کیلئے کافی خدمات ہیں، ان کیلئے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے بات کریں گے، کل میرے سامنے عمران خان نے شیر افضل مروت کو ہٹانے کی کوئی بات نہیں کی۔

ذہن نشین رہے کہ گزشتہ روز میڈیا پر یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کے حکم پر شیر افضل مروت کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم کر دی گئی ہے،جس کا آج نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی بالادستی کیلئے ہم سب نے ایک ہونا ہے، جوڈیشل کمیشن کیوں نہیں بنایا جا رہا؟ کیا رکاوٹ ہے۔