
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم ہاؤس آمد پر شہباز شریف نے ترک صدر اور خاتون اول کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کے اعزاز میں سلامی بھی دی گئی، دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی پیش کیے گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مہمان خصوصی کو وفاقی کابینہ کے اراکین سے فرداً فرداً ملاقات بھی کروائی۔
یاد رہے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان بدھ کی شب پاکستان کے دو روزہ دورے پر نور خان ایئربیس پہنچے تو ان کا نہایت فقیدالمثال اور شایان شان استقبال کیا گیا۔ صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے ترک رہنما کا نہایت پرتپاک خیرمقدم کیا۔ خاتون اول بھی ترک صدر کے ہمراہ تھیں۔
اس موقع پرخاتون اول آصفہ بھٹو زرداری، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹرمحمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔ طیب اردوان کے پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد پاک فضائیہ کے جے ایف 17 طیاروں نے ان کا فضائی استقبال کیا اور انکے جہاز کو اپنے حصار میں اسلام آباد لائے۔
معزز مہمان کے اعزاز میں 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی جو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے سفارتی اور تزویراتی تعلقات کی علامت ہے۔ نور خان ائیر بیس پر استقبالیہ تقریب کے دوران صدر رجب طیب اردوان اور انکی اہلیہ اپنے خصوصی طیارے سے اترے تو انہیں بچوں نے گلدستے پیش کئے۔
ملٹری بینڈ کی دلکش پرفارمنس پیش کی گئی جبکہ پاکستان اور ترکیہ کے جھنڈے لہراتے بچوں کی جانب سے ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ ترک صدر کے دورہ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت کی خوبصورتی سے سجاوٹ کی گئی ہے۔ شاہراہوں اور چوراہوں پر خیرمقدمی بینرز اور دونوں ممالک کے پرچم آویزاں ہیں۔