شیر افضل مروت کو پی ٹی آئی سے نکال دیا گیا، نوٹیفکیشن جاری
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکال دیا جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا
شیر افضل مروت/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکال دیا جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ عمران خان کی ہدایات پر شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالا گیا، شیر افضل مروت کے شوکاز نوٹس کے جواب اور اقدامات کے جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا گیا۔ نوٹیفکیشن ایڈیشنل سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی فردوس شمیم نقوی نے جاری کیا۔

دوسری جانب شیر افضل مروت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ پارٹی کے لوگوں نے مجھے بار بار بدنام کیا، روزانہ کی ٹرولنگ سے بیمار ہوگیا ہوں، بانی کان کے کچے ہیں، ہر ایک کی باتوں پریقین کرلیتے ہیں، ایک سازشی خاتون نے بھی سازش رچائی۔

ادھر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے، کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا، شیرافضل مروت کونکالنے پرمجھے کوئی ہدایات نہیں آئی۔

خیال رہے کہ 8 فروری کو صوابی میں ہونے والے جلسے کے دوران شیر افضل مروت کو اسٹیج پر جگہ نہیں ملی تھی اور نہ ہی انہیں تقریر کا موقع دیا گیا تھا۔ جس پر انہوں نے اپنے بیان میں شکوہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ صوابی جلسے میں نہ بیٹھنے کے لیے مناسب جگہ ملی نہ ہی خطاب کا موقع ملا، اگر قیادت میرے آنے پر ناخوش تھی تو پہلے بتا دیتی۔