مضر صحت کھانا کھانے سے باراتیوں کی حالت غیر
Wedding guests hospitalize due to Food poisoning
فائل فوٹو
رائیونڈ:(ویب ڈیسک)رائیونڈ میں ایک شادی کی تقریب میں مضر صحت کھانا کھانے کے باعث 360 افراد کی حالت خراب ہو گئی،جن میں سے 9 کی حالت تشویشناک ہے۔

تفصیلات کے مطابق رائیونڈ میں ہونے والی شادی کی ایک تقریب میں باراتیوں نے مضر صحت کھانا کھا لیا، جس کے بعد ان کی طبیعت بگڑ گئی، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق مضر صحت کھانا کھانے کے بعد 360 افراد کی حالت غیر ہوگئی،جن میں سے 9 افراد کی حالت تشویشناک ہے،جنہیں فوری طور پر طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اس واقعے پر فوڈ اتھارٹی کے ڈی جی نے فوری نوٹس لیا اور فوڈ سیفٹی ٹیموں کو جائے وقوعہ پر بھیجا، جہاں ٹیموں نے خوراک کے نمونے اکٹھے کیے، نمونوں کی تحقیقات کے بعد ایک تفصیلی رپورٹ جاری کی جائے گی۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اس واقعے کے بعد میرج ہال کو سیل کر دیا گیا ہے، اور مالکان کیخلاف مقدمہ درج کرنے کیلئے درخواست دے دی گئی ہے۔

دوسری جانب اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام مریضوں کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور وہ بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔