حاجیوں کو 4 ارب 75 کروڑ روپے واپس کرنے کا اعلان
وزارت مذہبی امور نے حج 2024 کے سرکاری سکیم کے حاجیوں کو 4 ارب 75 کروڑ روپے واپس کرنے کا اعلان کیا ہے
وزارت مذہبی امور نے حج 2024 کے سرکاری سکیم کے حاجیوں کو 4 ارب 75 کروڑ روپے واپس کرنے کا اعلان کیا ہے/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت مذہبی امور نے حج 2024 کے سرکاری سکیم کے حاجیوں کو 4 ارب 75 کروڑ روپے واپس کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت حاجیوں کو 20 ہزار روپے سے ایک لاکھ 40 ہزار تک کی رقم واپس کرنے کیلئے سات کیٹیگریز بنائی گئی ہیں۔

رواں سال حج 2025 کے عازمین کے حج اخراجات بھی کم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، 40 دنوں کا حج 10 لاکھ 50 ہزار اور 25 دنوں پر محیط حج 11 لاکھ روپے کا ہوگا۔ اس بات کا اعلان وفاقی وزیر مذہبی امور چودھری سالک حسین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

چودھری سالک نے کہا کہ فضائی کمپنیوں سے بات چیت کرکے اور دیگر حج اخراجات میں کمی کرکے ہم نے حاجیوں کو رقم واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ یہ حاجیوں کی رقم ہے اور مکمل حساب کرکے ہم نے رقوم کی واپسی کا فارمولا بنایا ہے، کسی حاجی کو ایک لاکھ روپے واپس ملتے ہیں یا کسی کو 20 ہزار ملتے ہیں، اس کا تعین حاجیوں کو حجاز مقدس میں ملنے والی سہولیات کے مطابق کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس حاجی کی عمارت حرم کے قریب ہو گی اس کو کم رقم ملے گی اور جس کی دور ہو گی اس کو زیادہ ملے گی۔

ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر عطا الرحمن نے کہا کہ ایک لاکھ 40 ہزار واپس ملنے والی سب سے بڑی رقم ہے ، یہ رقم 20 ہزار 228 افراد کو ملے گی، ایک لاکھ 10 ہزار کی رقم 10 فیصد حجاج یعنی 6 ہزار 784 افراد کو واپس ملے گی، 90 ہزار کی رقم 26 فیصد اور 75 ہزار کی رقم 23 فیصد افراد کو ملے گی، اسی طرح 50 ہزار روپے 19 فیصد کو واپس ملیں گے۔