پی ٹی آئی کا 8 فروری کے جلسے کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع

فائل فوٹو
February, 3 2025
لاہور:(ویب ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 8 فروری کو مینار پاکستان گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کی اجازت لینے کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ نے درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ پارٹی نے 29 جنوری کو ڈپٹی کمشنر لاہور کو جلسے کی اجازت لینے کیلئے درخواست جمع کرائی تھی،لیکن ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ درخواست واپس لینے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے اور درخواست واپس لینے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عدالت سے استدعا کی کہ 8 فروری کو جلسے کی اجازت دی جائے اور اس دوران پارٹی کے بے گناہ کارکنان کو ہراساں یا اغوا کرنے سے روکا جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ انتظامیہ کو ہدایت دی جائے کہ وہ جلسے کیلئے درکار تمام انتظامات کی اجازت دے تاکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اپنے سیاسی حقوق کا استعمال کر سکے۔