'کرپشن کی تو عذاب نازل ہو'، پختونخوا ملازمین سے حلف لینے کا فیصلہ

ایک شخص پاکستانی کرنسی گن کر دوسرے شخص کو دے رہا ہے/ فائل فوٹو
February, 1 2025
پشاور: (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا میں سرکاری ملازمین سے کرپشن نہ کرنے کا حلف لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی جانب سے صوبے میں 37 ڈی ایچ اوز سے کرپشن نہ کرنیکا حلف لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں تمام ڈی ایچ اوز کے عملے کو مشیر صحت کے دفتر میں بلایا جائے گا۔ ڈی ایچ اوز کو تحریری حلف نامے فراہم کئے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق ڈی ایچ اوز اور عملے سے حلف لیا جائیگا کہ انہوں نے کرپشن کی تو ان پر اللہ کا عذاب نازل ہو۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ڈی ایچ اوز سے قوم کے پیسے ذاتی مفاد کے لیے استعمال نہ کرنے، محنت سے کام کرنے اورشعبہ صحت کو مزید بہتر بنانے کاحلف لیا جائے گا۔
مشیر صحت احتشام علی نے تصدیق کی ہے کہ کرپشن کے خاتمے اور شعبہ صحت کی بہتری کے لیے ڈی ایچ اوز سے حلف لیا جائے گا اور جس کیخلاف بھی شکایت ملی، تحقیقات پرکرپشن ثابت ہوئی تو کارروائی ہوگی۔