
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے پنجاب میں الیکٹرک بسوں کے آغاز پر خوشی کا اظہار کیا، جس پر شرجیل میمن نے کہا کہ یہ جان کر اچھا لگا کہ سندھ کے بعد پنجاب دوسرا صوبہ ہے جہاں الیکٹرک بسیں چلانا شروع کی گئی ہیں۔
شرجیل میمن نے اپنی ٹویٹ میں مزید کہا کہ سندھ حکومت نے جنوری 2023 میں الیکٹرک بسیں چلائیں، اور پنجاب نے سندھ کے بعد یہ قدم اٹھایا،انہوں نے کہا کہ ریکارڈ کی درستگی کر لیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے شرجیل میمن کے ردعمل پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آ رہا کہ آج کل سندھ کے وزیروں میں اتنی بے چینی اور اتنے اِن سکیور کیوں ہیں۔ پہلے تاجروں کی مذاق میں کی گئی بات پر ان کو جھاڑ پلائی اور اب یہ معاملہ اٹھا دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب نے اورنج لائن، تین میٹرو سروسز، اسپیڈ بسیں اور الیکٹرک بائیکس کے بعد اب الیکٹرک بسوں کا یہ قدم اٹھایا ہے۔
انہوں نے سندھ کی پبلک ٹرانسپورٹ کے حوالے سے بھی ایک جملہ کہا کہ سندھ میں پبلک ٹرانسپورٹ کی اصل حالت کا جب بھی جائزہ لیا جائے گا،وہ پھر سامنے آئے گی۔
واضح رہے کہ اس نوک جھوک نے دونوں صوبوں کے درمیان ایک نیا سیاسی مقابلہ شروع کر دیا ہے۔