لاہورایئرپورٹ سے سفر کرنے والوں کیلئے بڑی خوشخبری
Lahore Airport New Terminal Project
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک)علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے اندرون اور بیرونِ ملک سفر کرنے والوں کو جدید سہولیات فراہم کرنے کے منصوبہ پر کام جاری کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نئے ٹرمینل کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے، جس سے اندرون اور بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کو جدید سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر توقیر اقبال نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروجیکٹ ستمبر 2026 تک مکمل ہو جائے گا، جس کے بعد ایئرپورٹ کی سہولتوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔

واضح رہے کہ نئے ٹرمینل کی تعمیر کے ساتھ امیگریشن، سکیورٹی چیک، چیکنگ کاؤنٹرز اور دیگر سہولتوں کی تعداد میں بے پناہ اضافہ ہو گا۔امیگریشن ڈیپارچر کاؤنٹرز کی تعداد 10 سے بڑھ کر 64 ہو جائے گی، سکیورٹی چیک 4 سے بڑھا کر 8 کر دیے جائیں گے، جبکہ چیکنگ کاؤنٹرز کی تعداد 25 سے بڑھ کر 67 ہو جائے گی۔

علاوہ ازیں امیگریشن ارائیول کاؤنٹرز کی تعداد 18 سے بڑھا کر 80 کر دی جائے گی۔

ذہن نشین رہے کہ نئے ٹرمینل کی تکمیل کے بعد سالانہ 1 کروڑ 20 لاکھ مسافروں کو سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ کسٹم انسپیکشن اور دیگر سکیورٹی اداروں کی چیکنگ کا عمل بھی مزید آسان ہو جائے گا۔

مزید برآں بورڈنگ برج کی تعداد 4 سے بڑھا کر 6 اور بیگیج کنویر بیلٹ کی تعداد 2 سے بڑھا کر 6 کر دی جائے گی، جس سے مسافروں کو بہتر سہولت ملے گی۔

نئے ٹرمینل کی تعمیر کے ساتھ ساتھ برطانوی اور یورپی پروازوں پر سے پابندی کے خاتمے سے پروازوں کی تعداد میں بھی اضافہ متوقع ہے، جس سے لاہور ایئرپورٹ پر روزانہ 48 سے 55 پروازوں کا سلسلہ مزید بڑھ جائے گا۔