شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 6 خوارج جہنم واصل
سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقہ میر علی میں انٹیلجنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 6 خوارج کو جہنم واصل کر دیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوان شہید ہوگئے
سیکیورٹی فورسز شمال وزیرستان کے علاقے میں ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے / فائل فوٹو
راولپنڈی: (سنو نیوز) سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقہ میر علی میں انٹیلجنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 6 خوارج کو جہنم واصل کر دیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوان شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقہ میر علی میں خوارج کے خلاف آپریشن کیا۔ پاک فوج کے جوانوں کی موثر کارروائی میں 6 خوارج جہنم واصل ہوگئے، سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں میجر حمزہ اسرار اور سپاہی محمد نعیم شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میجر حمزہ اسرار خوارج کے خلاف آپریشن کے دوران اپنی ٹیم کولیڈ کر رہے تھے، میجر حمزہ اسرار شہید کی عمر 29 سال اور تعلق ضلع راولپنڈی سے ہے۔ سپاہی محمد نعیم شہید کی عمر 26 سال اور تعلق ضلع نصیر آباد سے ہے۔ ممکنہ خارجیوں کی موجودگی کے پیشِ نظر علاقہ کا سینٹائزیشن آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمہ کے لیے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

یاد رہے میجر حمزہ اسرار شہید نے 9 سال تک دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا، ان کی حال ہی میں شادی ہوئی تھی۔ میجر حمزہ اسرار شہید نے سوگواران میں اہلیہ، والدین اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔

 

26 سالہ سپاہی محمد نعیم شہید ضلع نصیر آباد کے رہائشی ہیں۔ سپاہی محمد نعیم شہید نے6 سال پاک فوج میں رہتے ہوئے وطن کا دفاع کیا۔ سپاہی محمد نعیم شہید نے سوگواران میں والدین چھوڑے۔