محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے،تاہم پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کا امکان ہے۔
جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ہفتہ کے روز اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ کے پی کے بیشتر اضلاع میں بھی سرد اور خشک موسم غالب رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی اضلاع میں شدید سردی کی لہر کا سامنا ہو گا۔پنجاب کے زیادہ تر علاقے سرد اور خشک رہیں گے، تاہم مری، گلیات اور گرد و نواح میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید سرد موسم کا امکان ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ سیالکوٹ، نارووال، بہاولنگر، بہاولپور، اوکاڑہ اور ساہیوال میں صبح اور رات کے اوقات میں ہلکی دھند چھانے کی توقع کی جا رہی ہے۔
علاوہ ازیں بلوچستان کے شمالی اضلاع میں شدید سردی پڑنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ آج لہہ میں منفی 12، کالام میں منفی 9، گوپس میں منفی 9 اور استور میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔