جنید اکبر خان پی اے سی کے متفقہ چیئرمین منتخب
PAC Chairman Junaid Akbar Khan
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک)پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر خان کو قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا متفقہ طور پر چیئرمین منتخب کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس میں تمام ممبران نے جنید اکبر خان کے نام کی تائید کی، اور انہیں چیئرمین کے عہدے پر منتخب کرنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا۔

واضح رہے کہ اجلاس میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان، سینیٹر شبلی فراز اور دیگر ممبران نے جنید اکبر خان کا نام تجویز کیا۔ ممبران قومی اسمبلی ریاض فتیانہ، ملک عامر ڈوگر، وجہیہ قمر، سردار محمد یوسف زمان اور دیگر نے جنید اکبر خان کی حمایت کی اور ان کے نام کی تائید کی۔

دوسری جانب جنید اکبر خان نے چیئرمین منتخب ہونے پر کمیٹی کے تمام ممبران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ تمام ممبران کو ساتھ لے کر پی اے سی کو کامیابی کی نئی بلندیوں تک پہنچائیں گے۔

کمیٹی کے ممبران نے بھی جنید اکبر خان کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ پی اے سی کے امور کو بہتر طریقے سے چلانے میں ان کا ساتھ دیں گے۔

ممبران نے کہا کہ جنید اکبر خان کا انتخاب قومی اسمبلی کی کمیٹی کیلئے ایک نیا اور مثبت آغاز ثابت ہو گا، جو پارلیمانی احتساب کے عمل میں اہم کردار ادا کرے گا۔