شیر افضل مروت کی سلمان اکرم راجا پر الزامات کی بوچھاڑ
Shair Afzal Marwat
فائل فوٹو
پشاور:(ویب ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) رہنما اور ممبر قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے پارٹی کی طرف سے بھیجے گئے شوکاز نوٹس کا جواب دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق شیر افضل مروت نے شوکاز نوٹس کا تحریری جواب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان کو بھیجا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما نے اپنے شوکاز نوٹس کے جواب میں موقف اختیار کیا کہ مجھ پر پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا ہے، نوٹس سلمان اکرم راجا سے متعلق میرے بیان کے تناظر میں بھیجا گیا۔

شیر افضل مروت نے اپنے جواب میں موقف اختیار کیا کہ سلمان اکرم راجا کے اقدامات پر قابو نہ پایا گیا تو ہماری پارٹی تقسیم ہو جائے گی، سلمان اکرم کا بیان پارٹی میں میری ساکھ کو نقصان پہنچانےوالا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ  پہلے بھی پنجاب کے ایک ایم پی اے نے بانی چئیرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو میرے متعلق گمراہ کرنے کی کوشش کی تھی، وضاحت کا موقع دیے بغیر ہی مجھے پارٹی سے باہر کر دیا گیا تھا۔

شیر افضل مروت نے اپنے جواب میں شکوے کا اظہار بھی کیا،انہوں نے کہا کہ پارٹی فورمز پر خدشات اٹھانے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی، امیدکرتا ہوں کہ میرے اٹھائے گئے خدشات کو دور کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ چند روز پہلے شیر افضل مروت اور سلمان اکرم راجا کی جانب سے ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کی گئی تھی، جس پر پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے عمران خان کی ہدایت پر شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔

پارٹی کی جانب سے شوکاز نوٹس بھیجے جانے پر پر شیر افضل مروت نے کہا کہ عمران خان نے مجھے پارٹی سے نکالنا ہے تو نکال دیں، آئے روز کے شوکاز نوٹسز سے بہت تنگ آ چکا ہوں۔