توشہ خانہ ٹو کیس :عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ریلیف نہ مل سکا
Ex prime minister of Pakistan and founder of PTI Imran Ahmad Khan Niazi and Bushra bibi
سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی/فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک)توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی چئیرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے فوری طور پر ریلیف نہ مل سکا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور سابق خاتونِ اول بشریٰ بی بی کی  بریت کی درخواستوں پر جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے سماعت کی۔

عدالت نے سماعت کے کرتے ہوئے بریت درخواستوں پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرکے 28 جنوری تک جواب طلب کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔

سماعت کے دوران عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکیل نے یہ کیس دوسرے بنچ کو بھیجنے کی درخواست کی، وکیل سلمان صفدر نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اس سے قبل اس کیس سے متعلق پانچ درخواستیں سن چکے ہیں، مناسب ہو گا کہ یہ عدالت بریت کی درخواستیں بھی اُسی عدالت میں واپس بھیج دے۔

دوسری جانب جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ وہ ضمانت کی درخواستیں تھیں یہ اس سے الگ معاملہ ہے، یہی عدالت کیس سُنے گی،آپ کیس کے میرٹس پر دلائل دیں۔

علاوہ ازیں بانی چئیرمین پاکستان تحریک انصف کے وکیل سلمان صفدر کی توشہ خانہ ٹو کیس کے ٹرائل پر حکمِ امتناعی جاری کرنے کی استدعا بھی کی،جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے کہا کہ کرمنل کارروائی کو اس موقع پر اسٹے کرنے کی کوئی بھی عدالتی نظیرموجود نہیں ہے، دوسرے فریق کو آ جانے دیں،پھر دونوں کو سُن کر دیکھ لیتے ہیں، ہم آپکی درخواست پر نوٹس کر کے دوسرے فریق کو بھی سن لیتے ہیں۔