مختلف علاقوں میں بارشیں اور برفباری،موسم مزید سرد ہو گیا
Snowfall and Rain
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک)پاکستان کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق اسلام آباد میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ مری، گلیات، پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں بھی بارش بسرنے کی امید کی جارہی ہے۔

اسی طرح سے بلوچستان میں بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں بھی اضافہ دیکھنے میں ملا ہے، جس سے عوام کو شدید سردی کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش کے باعث فلڈنگ کا امکان بھی موجود ہے، جبکہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور کے پی کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات ہیں۔

دوسری جانب ناران، کاغان، چترال، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں برفباری کی توقع کی جارہی ہے۔مزید برآں پنجاب کے بیشتر شہروں بشمول لاہور اور شیخوپورہ میں دھند چھائی رہے گی۔

مانسہرہ کے سیاحتی مقام ناران کاغان میں برفباری کا سلسلہ رات سے جاری ہے، جس سے موسم کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

ناران میں درجہ حرارت منفی 7 جبکہ کاغان میں منفی 5 تک پہنچ گیا ہے۔ اپر دیر اور دیگر پہاڑی علاقوں میں بھی بارش اور برفباری سے موسم انتہائی سرد ہو گیا ہے، جہاں درجہ حرارت منفی 6 تک گر چکا ہے۔

اپر دیر کے علاقے لواری، ڈوگدرہ، گوالدئی، شہورٹاپ اور گانشال کے پہاڑوں پر برفباری سے سردی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے آج ان علاقوں میں مزید برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔