میٹرک کے نصاب میں 3 نئے گروپ متعارف
Matric Curriculum Update
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک)پنجاب میں میٹرک کے طلبا کیلئے ایک بڑی تبدیلی لائی گئی ہے، جس کے تحت اب سلیبس میں 3 نئے گروپ شامل کیے گئے ہیں۔

محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ میٹرک کے طلبا اب سائنس اور آرٹس کے ساتھ ساتھ ،ہیلتھ سائنسز، ایگریکلچر سائنس اور فیشن ڈیزائننگ کے نئے گروپوں میں بھی تعلیم حاصل کر سکیں گے۔

واضح رہے کہ یہ نئے گروپ 2025-26 کے تعلیمی سیشن سے متعارف ہوں گے۔

محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق طلبا 9 ویں کلاس سے شروع ہونے والے نئے تعلیمی سیشن میں ان گروپوں کا انتخاب کر سکیں گے۔ نئے مضامین کی فہرست بھی جاری کر دی گئی ہے اور سی ای او اور ڈی ای او سے طلبا کے انتخاب کی بنیاد پر ڈیٹا طلب کیا گیا ہے۔

محکمہ سکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ کتابوں کی چھپائی بچوں کی تعداد کے مطابق کی جائے گی تاکہ ہر طالب علم کو جدید اور ضروری تعلیمی مواد فراہم کیا جا سکے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ یہ اقدام وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کیا گیا ہے، جس کا مقصد طلبا کو مختلف شعبوں میں مہارت حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

نئے گروپوں کے تعارف سے میٹرک کی تعلیم کو مزید متنوع اور جاندار بنایا جا رہا ہے، جس سے طلبا کیلئے مزید راہیں کھلیں گی۔