شدید سردی،دھند یا بارش؟محکمہ موسمیات نے بتا دیا
weather forecast in pakistan
بارش کا خوبصورت منظر/فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک)ملک بھر میں شدید سردی راج کر رہی ہے،جس کے ساتھ چند شہروں میں بارش ہونے کا امکان بھی ظاہرکیا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا واضح امکان ہے،مغربی بلوچستان اور بالائی کے پی میں چند مقامات پرہلکی ہلکی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔

محکمہ مومسیات کے مطابق اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، چاغی، نوکنڈی، دالبندین، کوئٹہ، زیارت، پشین، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں بادل برسنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب لاہور،شیخوپورہ، نارووال،گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، جہلم، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، سیالکوٹ، گجرات، میانوالی، رحیم یار خان اور خانپورمیں شدید دھند چھائے رہنے کی امید ظاہر کی جارہی ہے۔

علاوہ ازیں بہاولنگر، بہاولپور ٹوبہ ٹیک سنگھ،پاکپتن،خانیوال،وہاڑی،فیصل آباد،جھنگ اور گرد و نواح میں دھند رہنے کا امکان ہے، جبکہ مری، گلیات اورگرد و نواح میں مطلع ابر آلود رہے گا۔

سکھر، بینظیر آباد،خیرپور، ٹنڈو جام شکار پور، کشمور، دادو، لاڑکانہ،  اور گرد و نواح میں دھند رہنے کی توقع ہے،بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، پشاور، نو شہرہ، مردان اور صوابی میں بھی دھند چھائی رہے گی۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع ابرآلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے،جبکہ آزادکشمیر میں سردی کی شدت برقرار رہے گی۔

جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق لاہورمیں سردی کا راج برقرارہے اور درجہ حرارت 8ڈگری ریکارڈ کیا گیاہے،دھندکے ساتھ چلنے والی ٹھنڈی ہواؤں نے شہر میں سردی کے احساس میں مزید اضافہ دیا ہے،لاہورمیں فضائی آلودگی 161ریکارڈکی گئی ہے،جبکہ فضائی آلودگی میں شہر لاہور چوتھے نمبر پرہے۔