اس سکیم کے تحت پنجاب بھر کے ہونہار طلباء میں 40 ہزار جدید ترین لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے۔اس سکیم کا مقصد طلباء کی تعلیمی ترقی میں مزید بہتری لانا اور انہیں جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت کی اس سکیم کے تحت فیصل آباد ڈویژن کے 4,690 طلباء میں 20 کروڑ 11 لاکھ 94 ہزار روپے کے سکالرشپس بھی تقسیم کیے جائیں گے۔
اس سکیم کے ذریعے فیصل آباد کی پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے 3,211 طلباء کو 17 کروڑ 62 لاکھ 71 ہزار روپے کے ہونہار سکالرشپس ملیں گی، جبکہ پرائیویٹ یونیورسٹیوں کے 101 طلباء کو 28 لاکھ 90 ہزار روپے اور پبلک سیکٹر کالجز کے 1,378 طلباء کو 2 کروڑ 20 لاکھ 33 ہزار روپے کے ہونہار سکالرشپ دی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فیصل آباد ڈویژن میں سی ایم ہونہار سکالرشپ کا آغاز کیا۔ اس موقع پر ہونہار طلباء میں سکالرشپ چیک بھی تقسیم کیے۔
وزیر اعلیٰ نے ارکان اسمبلی سے ملاقات کی اور بچوں کے ساتھ قومی ترانہ بھی پڑھا۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے قومی فریاد کے دوران سپیشل طالبہ اسوہ عزیز کو فلیوٹ پر قومی ترانہ پیش کرنے پر سراہا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے مختلف طالبات سے ملاقاتیں کی اور ان کی جانب سے پیش کردہ پورٹریٹس اور دوپٹے بھی قبول کیے، جن پر محترمہ کلثوم نواز اور محمد نواز شریف کی تصاویر کے ساتھ سلوگن درج تھے۔
مریم نواز نے تقریب کے دوران طلباء کی جانب سے پیش کیے گئے جذباتی نغمے "یہ وطن ہمارا ہے" کو سراہا اور ماحول کو گرمجوشی سے خوشگوار بنایا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ یہ سکیم طلباء کے تعلیمی میدان میں کامیابی کیلئے ایک نیا باب ہے اور حکومت پنجاب کا یہ عزم ہے کہ وہ اپنے ہونہار طلباء کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے تاکہ وہ اپنے تعلیمی سفر میں مزید کامیاب ہو سکیں۔