پی ٹی آئی رہنماؤں کی عمران خان سے ملاقات؟
Ex prime minister of Pakistan and founder of PTI Imran Ahmad Khan Niazi
سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان /فائل فوٹو
اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مذاکراتی کمیٹی کو بانی چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کا آج بانی چئیرمین پاکستان تحریک انصاف سے ملاقات کا امکان ہے،مذاکراتی کمیٹی کا آج دن 2 بجے تک عمران خان سے مشاورت کرنے کیلئے ملاقات کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل نجی نیوز چینل کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سینئررہنما اسد قیصر نے کہا تھا کہ ہم طعنہ نہیں دینا چاہتے،مگر حکومت کو یہ دیکھنا چاہیے کہ جو کمٹمنٹ کی گئی تھی وہ ابھی تک کیوں پوری نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا تھا کہ بہت بڑا سوال یہ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کمیٹی کی بانی چیئرمین عمران خان سے تاحال ملاقات کیوں نہیں ہو سکی۔

اسد قیصر نے مزید کہا کہ چاہتے ہیں کہ مذاکرات میں سنجیدگی ہو تو لیڈرشپ کا ان پٹ ضروری ہے، مسلم لیگ ن کو چاہیے کہ اپنا واضح مؤقف بیان کرے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے الزام لگایا تھا کہ خواجہ آصف اور مریم نواز کی کوشش ہے کہ ہر ممکن طریقے سے مذاکرات ناکام بنا دیے جائیں۔

انہوں نے خواجہ آصف اور مریم نواز کے بیانات پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات سے متعلق ہماری کمٹمنٹ ہے، اس لیے بھرپور اعتماد سے بات چیت کر رہے ہیں،لیکن مریم نواز اور خواجہ آصف کی باتوں پر افسوس ہے۔