شیر افضل اور سلمان اکرم میں اختلافات،علی امین گنڈاپور میدان میں آگئے
Sher Afzal Marwat and Salman Akram Raja
سیکرٹری جنرلپی ٹی آئی سلمان اکرم راجا اور شیر افضل مروت/فائل فوٹو
پشاور:(ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ کے پی سردار علی امین گنڈا پور سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف سلمان اکرم راجا اور شیر افضل مروت کے درمیان اختلافات کو ختم کرنے کیلئے میدان میں آگئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ سردار امین گنڈاپور نے پاکستان تحریک انصاف رہنما شیر افضل مروت اور سلمان اکرم راجہ کے درمیان جاری نوک جھوک کو ختم کرانے کیلئے کوششیں شروع کر دی ہیں۔

نجی نیوز چینل کی خبر کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی نے شیر افضل مروت کو کے پی ہاؤس میں بلایا،جہاں اختلافات کو حل کرنے کے موضوع پر بات چیت کی گئی۔ 

اس ملاقات کے بعد شیر افضل مروت نے نجی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ عمران خان کو غلط معلومات پہنچائی جاتی ہیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ  پارٹی کے جتنے بھی مسائل ہوں انہیں پارٹی کے اندر ہی حل ہونا چاہیے، مگر جو میڈیا پر آکر  ان کے خلاف بیان دے گا، وہ اس کا جواب ضرور دیں گے۔ 

شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ  کبھی بھی کسی معاملے میں پہل نہیں کی ہے،ہمیشہ اپنے دفاع میں جواب دیا ہے اور  یہی بات علی امین گنڈا پور کو بھی بتائی ہے۔ 

ذہن نشین رہے کہ چند روز پہلے سلمان اکرم راجہ اور شیر افضل مروت نے ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا،جس کے بعد چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر علی گوہر نے کہا تھا کہ سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف سلمان اکرم راجہ کو عمران خان کا اعتماد حاصل ہے۔