تدفین کیلئے سرکاری نرخ مقرر
January, 9 2025
کراچی:(سنو نیوز) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر کے تمام رجسٹرڈ قبرستانوں میں تدفین کے لیے سرکاری نرخ مقرر کرتے ہوئے اس پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اب تدفین کے لیے 14,300 روپے کا معیاری نرخ طے کیا گیا ہے، اور تمام قبرستانوں میں اس حوالے سے معلوماتی بینرز آویزاں کر دیے گئے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ قبرستانوں میں خدمات فراہم کرنے والوں کو سرکاری نرخ پر عمل کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ تدفین کے لیے مقرر کردہ رقم سے زیادہ ادائیگی نہ کریں۔ اگر کوئی اضافی رقم طلب کرے تو اس کے خلاف فوری شکایت درج کرائی جائے۔ شکایات کے اندراج کے لیے 1339 ہیلپ لائن متعارف کرائی گئی ہے، جہاں شہری کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع دے سکتے ہیں۔
میئر نے مزید کہا کہ قبرستانوں میں غیر قانونی سرگرمیوں، خاص طور پر قبریں مسمار کرنے والی مافیا کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی غیر رجسٹرڈ فرد یا ادارے کو قبرستان میں کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور کے ایم سی کے قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہوگی۔
مرتضیٰ وہاب نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری نرخوں پر عمل درآمد میں تعاون کریں اور کسی بھی بدعنوانی یا زیادتی کی اطلاع فوری طور پر فراہم کریں تاکہ شہر کے قبرستانوں کا نظام شفاف اور منظم بنایا جا سکے۔ یہ اقدام شہریوں کو سہولت فراہم کرنے اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے کیا گیا ہے۔
ضرور پڑھیں
گرین لینڈ میں کون سا خزانہ چھپا ہوا ، جس پر ٹرمپ کی نظر ہے؟
January, 14 2025
تاریخ کے 50 عظیم ترین کھلاڑیوں کی فہرست جاری، ایک پاکستانی بھی شامل
January, 12 2025
ٹیکنالوجی کا شاہکار، بجلی کے بغیر چلنے والا ٹی وی ایجاد
January, 12 2025
اوورسیز پاکستانی کی شادی میں خصوصی کنٹینر کا اہتمام، نوٹوں کی برسات
January, 12 2025