بجلی کی قیمت میں کمی کا امکان
Electricity wires and polls
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک)وفاقی وزیرِ توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ حکومت بجلی کی قیمت میں 10 سے 12 روپے فی یونٹ تک کمی کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ کیپٹو پاور پلانٹس کے حوالے سے بات چیت کر رہی ہے اور اس معاملے کا اختتام قریب آ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے نرخوں میں 50 روپے تک کمی کرنے کی خواہش ہے اور اس حوالے سے اقدامات جاری ہیں۔

وزیرِ توانائی نے بگاس کے 8 پلانٹس کا جائزہ لینے کا بھی اعلان کیا،اور بتایا کہ مزید 16 پلانٹس کی نظرِ ثانی کی جائے گی، اس کے بعد حکومتی پلانٹس کے ریٹرن آن ایکوئٹی کا جائزہ لیا جائے گا۔

اویس لغاری نے یہ بھی بتایا کہ گھریلو صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں 4 روپے تک کمی ہو چکی ہے، اس ماہ کے آخر تک کیپٹو پلانٹس کے معاملے کا حل نکل آئے گا، جس سے صارفین کو مزید ریلیف ملے گا۔

بجلی میں کمی کا یہ اعلان عوام کیلئے ایک خوشخبری ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ بجلی کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی کے اثرات میں بھی کمی آ سکتی ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیرِ توانائی اویس لغاری نے یہ بات قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی توانائی کے اجلاس کے دوران دیا۔