کوئی بھی اختلافات ہوں حل صرف مذاکرات میں ہی ہے: سعید غنی
سعید غنی نے کہا ہے کہ خدشہ ظاہر کیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی مذاکرات کو آگے بڑھنے نہیں دیں گے، کوئی بھی اختلافات ہوں ان کا حل صرف مذاکرات میں ہی ہے
پیپلزپارٹی کے رہنما و وزیر بلدیات سندھ سعید غنی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے/ فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) سعید غنی نے کہا ہے کہ خدشہ ظاہر کیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی مذاکرات کو آگے بڑھنے نہیں دیں گے، کوئی بھی اختلافات ہوں ان کا حل صرف مذاکرات میں ہی ہے۔

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی کارکن کی حیثیت سے مذاکرات ہونے چاہئیں، خیبرپختونخوامیں پی ٹی آئی حکومت کی اپنی بنیادی ذمہ داری پر توجہ نہیں، خیبرپختونخوا میں امن و امان کا مسئلہ ہے، خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے بہت واقعات ہو رہے ہیں۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ مذاکرات رکے تو پی ٹی آئی بطور سیاسی جماعت خود کو بہت نقصان پہنچائے گی، بانی پی ٹی آئی مذاکرات میں مداخلت ڈال رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے، سندھ میں ترقیاتی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے، ملیر ایکسپریس وے مارچ تک قائدآباد تک شروع ہوگا، ملیر ایکسپریس وے مارچ تک قائد آباد تک کھول دیا جائے گا۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ جام صادق پل توڑ کر نیا پل بنایا جائے گا، ملیر ایکسپریس وے کو 11 جنوری کو کھول دیا جائے گا، ملیر ایکسپریس وے پر اوور سپیڈ پر جرمانہ ہوگا، ملیر ایکسپریس وے پر موٹر سائیکل اور رکشہ پر پابندی ہوگی۔